مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ عالمی دباؤ اور مسلسل رکاوٹوں کے باوجود ایران جوہری سائنس اور جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
ساحلی شہر بندر عباس کے شہید محمدی اسپتال میں پلازما تھراپی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دشمنوں کی جانب سے پیدا کی گئی مشکلات کے باوجود قابل ذکر سائنسی ترقی کی ہے۔ ایرانی نوجوان اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے ملک کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام پر لے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں پلازما تھراپی، پانی صاف کرنے اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں ملکی ٹیکنالوجی پر مبنی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے ہمیشہ ایران سمیت ابھرتی ہوئی اقوام کی سائنسی ترقی روکنے کی کوشش کی ہے، لیکن ایران نے ہر طرح کے دباؤ کے باوجود نمایاں سطح کی ترقی کی ہے۔ اسلامی کے مطابق امریکی خاص طور پر ٹرمپ اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ کوئی اور ملک سائنسی ترقی کرے۔ وہ ہائیڈروکاربن اور معدنی وسائل تک رسائی کو بھی اپنا خصوصی حق سمجھتے ہیں۔
اسلامی نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے عالمی طاقتوں کے اس استحصالی رویّے کا خاتمہ کردیا جس نے صدیوں تک ایران کو ترقی کی راہ سے دور رکھا۔ نوجوان ماہرین کے عزم اور ایٹمی توانائی کے ادارے کی مسلسل کوششوں نے آج ایران کو دنیا کی صفِ اول کی اقوام میں شامل کردیا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ اپنی صلاحیت پر یقین نے ایران کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے صحت، فوڈ سیکورٹی، پانی کے بحران پر قابو پانے اور زراعت جیسے شعبوں میں اہم اقدامات کیے ہیں۔ ایران نے ایٹمی ٹیکنالوجی کو سمندری پانی کی میٹھا کرنے اور ماحولیات کے تحفظ میں بھی استعمال کیا ہے۔ کولڈ پلازما ایک ہمہ گیر ٹیکنالوجی ہے جو صحت، ماحولیات، زراعت اور فوڈ سیکورٹی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ